15 نومبر 2026 - 10:48
غزہ پر اسرائیلی حملہ، رفح بریگیڈ کے کمانڈر شہید

حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے تصدیق کی ہے کہ رفح بریگیڈ کے کمانڈر سمیر ابو یونس المعروف ابو محمود جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں شہید ہو گئے ہیں۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، القسام بریگیڈز نے اپنے بیان میں کہا کہ ابو یونس کو خان یونس کے علاقے المواصی میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے نشانہ بنایا۔

بیان کے مطابق، سابق کمانڈر ابو عطیہ کی شہادت کے بعد سمیر ابو یونس نے رفح بریگیڈ کی کمان سنبھالی تھی۔ وہ القسام بریگیڈز کے ابتدائی ارکان میں شامل تھے اور 1991 میں تنظیم میں شامل ہوئے تھے۔ وہ ایک عرصے تک اسرائیلی جیلوں میں بھی قید رہے۔

القسام کے مطابق، ابو یونس نے اسرائیلی فوج کی دراندازیوں کے خلاف مزاحمت اور متعدد خصوصی کارروائیوں میں حصہ لیا تھا اور انتفاضۂ اقصیٰ کے دوران بھی سرگرم کمانڈروں میں شمار ہوتے تھے۔ تنظیم نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ 7 اکتوبر کے حملے کی منصوبہ بندی اور نگرانی میں اہم کردار ادا کرنے والے کمانڈروں میں شامل تھے۔

القسام بریگیڈز نے اپنے بیان میں کہا کہ شہید ابو محمود اور ان کے ساتھیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کا راستہ آزادی اور فتح کی جدوجہد کا راستہ ہے۔ تنظیم نے مزید کہا کہ اسرائیلی حملوں اور جرائم سے فلسطینی عوام کے عزم میں کمی نہیں آئے گی بلکہ نئی نسلوں میں مزاحمت کا جذبہ مزید مضبوط ہوگا۔

بیان کے اختتام پر القسام نے کہا کہ اس کے شہداء کا خون ضائع نہیں ہوگا اور جدوجہد کا راستہ جاری رہے گا، جس کی منزل یا فتح ہے یا شہادت۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha